ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی، کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی کال آف کرے، ہر طرح سے بات کی جائے گی: وزیر اعظم آزاد کشمیر
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست اپنی رٹ کو قائم کرے گی، کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی کال آف کرے، ہر طرح سے بات کی جائے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ قطعاً یہ نہیں کہوں گا کہ آزاد کشمیر کی اس وقت صورتحال اچھی ہے، ریاست اس وقت ایک امتحان میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظاہروں کے دوران جن کی جانیں گئیں، ان کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، ماضی میں جب ہم مذاکرات کے ٹیبل پر بیٹھے تو 14 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں، میری باتوں کو اس وقت ایکشن کمیٹی نے نہ غور سے سمجھا اور نہ سنا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر کے کردار کو انہوں نے اس مفاہمتی عمل میں لینے سے خود انکار کیا اور کالعدم کمیٹی نے دو ٹوک کہا ریاست آزاد کشمیر کا کردار نہیں چاہیے، وفاق سے بات کریں گے، آج ساری تنقید ریاست آزاد کشمیر کی حکومت پر کی جا رہی ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ کل بلاول بھٹو نے بھی کہا حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ جو بھی معاہدہ ہوا تھا وہ سارے کام کر دیے ہیں، جو وفاق کی طرف سے چیزیں باقی تھیں وہ کل بجٹ میں شامل ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ کو قائم کرے گی، آپ اپنی کال آف کریں، آپ کے ساتھ ہر طرح سے بات کی جائے گی، اس طرح سے اب مذاکرات ممکن نہیں رہے، سب سے پہلے کال آف کریں۔
خواتین اور بچوں کو تحریک کا حصہ بنانے سے متعلق سوال پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ جو لوگ بھی کسی تحریک کا حصہ بنتے ہیں وہ بے قصور ہوتے ہیں، انہیں خواب دکھائے جاتے ہیں، ان کی من پسند باتیں بتائی جاتی ہیں۔
















