وفاقی بجٹ میں کراچی کو واٹر سپلائی کے K4 منصوبے کیلئے 10 ارب مختص
اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کراچی کے بلک واٹر سپلائی کے فور (K4) منصوبے کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دیرپا شہری ترقی اور ہاؤسنگ شعبے کے لیے 54 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اس رقم سے وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک لاکھ 50 ہزار سستے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے، اس منصوبے کے تحت 10 بڑے شہروں کے لیے ڈیجیٹل ماسٹر پلانز تیار کیے جائیں گے۔
آئندہ مالی سال دیامر بھاشا ڈیم کے لیے 14 ارب، مہمند ڈیم کے لیے 22 ارب روپے جبکہ داسو پن بجلی منصوبے کے لیے 15 ارب مختص کیے گئے ہیں، اسی طرح بجلی کے شعبے کے لیے 116 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق کراچی کے بلک واٹر سپلائی کے فور (K4) منصوبے کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صنعتی ترقی اور برآمدی مسابقت کی رفتار بڑھانے کے لیے بجٹ میں 6 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ میں کراچی کو چمن سے جوڑنے والی این 25 (N-25) شاہراہ پاکستان ایکسپریس وے کو دو رویہ کرنے کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سکھر حیدر آباد موٹروے پر 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
بجٹ دستاویز کے مطابق ایم ایل ون (ML-1) کے کراچی تا روہڑی سیکشن پر کام آئندہ سال شروع ہوگا جس کے لیے 25 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔











